کیپ ٹاون ٹیسٹ،بابر اعظم اور شان مسعود نے فالو آن میں پارٹنر شپ کا تاریخ ساز ریکارڈ بنا دیا
کیپ ٹاون : جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ جاری ہے،کپتان شان مسعود اور بابراعظم نے ریکارڈ پارٹنر شپ قائم کر کے نیا اعزاز حاصل کر لیا۔
پہلی اننگز میں فالو آن کا شکار پاکستان ٹیم نے دوسری اننگز میں قدرے بہتر انداز میں بیٹنگ کی،شان مسعود اور بابر اعظم نے 205 رنز کی اوپننگ پارٹنر شپ بنائی جو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں فالو آن کا شکار ہونے والی ٹیم کی جانب سے دوسری اننگز میں سب سے بڑی پارٹنر شپ ہے۔
بابر اعظم اور شان مسعود نے جنوبی افریقہ کی سرزمین پر پاکستان کی جانب سے سب بڑی اوپننگ پارٹنر شپ بھی قائم کی ہے،اس سے پہلے 1998 میں سعید انور اور عامر سہیل نے جنوبی افریقہ کیخلاف 101 رنز کی اوپننگ پارٹنر شپ قائم کی تھی۔
یہ بھی یاد رہے کہ کپتان شان مسعود جنوبی افریقہ میں سنچری داغنے والے پہلے پاکستانی بیٹر بھی بن گئے،انہوں نے یہ اعزاز حاصل کر کے ماضی کے مایہ ناز پاکستانی کرکٹرز کو پیچھے چھوڑ دیا،اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے جنوبی افریقہ کی سرزمین پر 2007 میں 92 رنز کی نا قابلِ شکست اننگ کھیلی تھی۔