ڈی سی کرم پرحملہ:خیبر پختونخواہ حکومت کا ملزمان کی فوری گرفتاری کا فیصلہ۔ملزمان کی شناخت ہوگئی۔حکام
خیبرپختونخواہ حکام کے مطابق ڈی سی کرم پر حملہ کرنے والے پانچ افراد کی شناخت ہوگئی ہے جس کے بعد کے پی حکومت نے پانچوں ملزمان اور سہولت کاروں کو فوری گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ دہشتگردوں کے سروں کی قیمت مقرر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ چارجنوری کولوئر کرم کے علاقے بگن میں نامعلوم شرپسندوں کی فائرنگ سے ڈی سی کرم سمیت سات افراد زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد کرم کیلئے تین ماہ بعد کھانے پینے کا سامان لے جانے والا قافلہ روک دیا گیا تھا۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت کرم کی صورتحال پر رات گئے ہنگامی اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری، آئی جی خیبر پختونخوا اور دیگر حکام نے شرکت کی۔فیصلہ کیا گیا کہ امن معاہدے کے بعد علاقہ مکین معاہدے کی خلاف ورزی کے ذمہ دار ہیں، فائرنگ کے واقعے میں ملوث تمام افراد کے خلاف ایف آئی آردرج کرکے فوری گرفتار کیا جائے گا۔اجلاس میں دہشت گردوں کا پوری قوت سے قلع قمع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور کہا گیاکہ دہشت گرد وں سے نہ رعایت کی جائے گی۔