سعودی عرب کو ریکوڈ ک کے 15فیصد شیئرز فروخت کر دیئے گئے۔ سعودی عرب۔چاغی میں معدنیات کی تلاش کے لیے بھی سرمایہ کاری کرے گا
ذرائع کے مطابق پاکستان کی وفاقی کابینہ نے سعودی عرب کو ریکوڈ ک منصوبے کے پندرہ فیصد شیئرز فروخت کردیئے ہیں۔ سعودی عرب دو اقساط میں ادائیگی کرے گا۔ پہلے مرحلے میں سعودی عرب کو اس پروجیکٹ میں دس فیصد شیئرز ملیں گے، جس کیلئے وہ پاکستان کو 330؍ ملین ڈالرز (تقریباً 92 ارب روپے) ادا کرے گا۔ دوسرے مرحلے میں پانچ فیصد شیئرز فروخت کیے جائیں گے جس سے پاکستان کو 210؍ ملین ڈالرز (58؍ ارب 44؍ کروڑ روپے ) ملیں گے۔ ذرائع کے مطابق ریکوڈک کان سے 15؍ فیصد شیئرز خریدنے کے علاوہ، سعودی فنڈ برائے ترقی نے بلوچستان میں معدنی وسائل کی ترقی کیلئے 150 ملین ڈالر (تقریباً 42؍ ارب روپے ) دینے کا وعدہ کیا ہے۔ مزید برآں، سعودی عرب نے چاغی میں معدنیات کی تلاش میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے، جہاں ریکوڈک واقع ہے۔ ریکوڈک مائن بلوچستان کے ضلع چاغی میں ریکوڈک ٹائون کے قریب واقع ہے۔ ریکوڈک دنیا میں تانبے اور سونے کے سب سے بڑے ذخائر میں سے ایک ہے جہاں سونے اور تانبے کے 5.9؍ ارب ٹن ذخائر موجود ہیں۔ وفاقی کابینہ کی منظوری کے ساتھ ہی سعودی عرب کے ساتھ لین دین کیلئے تمام ضروری رسمی کارروائیوں کو تیز کردیاجائے گا۔