بارڈر گواسکر ٹرافی،آسٹریلیا نے بھارت کو چوتھے ٹیسٹ میچ میں شکست دے دی
بھارت کو شدید دھچکا،ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل تک پہنچنے کی امیدیں کم ہو گئی ہیں۔
آسٹریلیا نے بھارت کو 184 رنز سے شکست دے کر 5 ٹیسٹ میچز کی سیزیز میں دو ایک کی برتری حاصل کر لی،آسٹریلیا نے بارڈر گواسکر ٹرافی کے چوتھے ٹیسٹ میں بھارت کو جیت کیلئے 340 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں بھارتی ٹیم 155 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی،ہدف کے تعاقب میں 9 بھارتی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکے۔
بھارت کے یشوی جیسول 84 اور رشبھ پنت 30 رنز بنا کر نمایاں رہے،کینگروز بولرز نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے صرف 34 رنز پر بھارت کی آخری سات وکٹیں اڑائیں،آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز اور اسکاٹ بولینڈ نے 3،3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اسپنر نیتھن لوئن نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مچل اسٹارک اور ٹریوس ہیڈ نے 1،1 کھلاڑی کو آوٹ کیا،آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کو دونوں اننگز میں 3،3 کھلاڑیوں کو آوٹ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
چوتھے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں آسٹریلیا نے 474 رنز بنائے تھے،کینکروز کی جانب سے ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے سیم کونسٹاس نے 60،عثمان خواجہ نے 57 اور مارنس لبوشین نے 72 رنز بنائے۔بھارتی بولر جسپرت بمرا نے 4،رویندرا جڈیجا نے 3 اور آکاش دیب نے 2 شکار کئے،بھارت ٹیم پہلی اننگز میں 369 رنز بنا سکی تھی۔
بھارت اور آسٹریلیا کے مابین چوتھے ٹیسٹ میں نیا ریکارڈ بھی قائم ہو گیا ہے،میلبرن ٹیسٹ کرکٹ گراونڈ میں 3 لاکھ 50 ہزار 700 سے زائد شائقین میچ دیکھنے آئے۔کرکٹ ویب سائیٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق اس سے پہلے 1937 میں 3 لاکھ 50 ہزار 537 شائقین اسی تاریخی میدان میں آئے تھے۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا کو فائنل تک پہنچنے کیلئے سڈنی ٹیسٹ جیتنا یا ڈرا کرنا ہو گا،آسٹریلیا کے پاس ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کیلئے 3 اور بھارت کے پاس ایک میچ باقی ہے۔آسٹریلیا پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے اور بھارت تیسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ جنوبی افریقہ پاکستان کو ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر پہلے ہی فائنل کیلئے کوالیفائی کر چکا ہے۔