خوش آئند ہے سیاستدان مل بیٹھ کر بات چیت سے اختلافات حل کریں،ڈی جی آئی ایس پی آر
راولپنڈی : ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ افواج پاکستان قومی فوج ہے کسی خاص سیاسی جماعت کی نمائندہ نہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے واضح کیا کہ افواج پاکستان کسی جماعت کی سوچ اور نظریے کی مخالف نہیں،تمام سیاسی جماعتیں اور رہنما ہمارے لیے قابل احترام ہیں تاہم اقتدار کی خواہش پاکستان سے بالاتر نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کا ہر حکومت کے ساتھ سرکاری اور پیشہ ورانہ تعلق ہوتا ہے،سرکاری اور پیشہ ورانہ تعلق کو سیاسی رنگ دینا مناسب نہیں۔
ترجمان پاک فوج نے مذاکرات کے سوال پر کہا کہ افواج پاکستان قومی فوج ہے کسی خاص سیاسی جماعت کی نمائندہ نہیں،سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات اور جواب دینا سیاسی جماعتوں کا استحاق ہے،خوش آئند ہے سیاستدان مل بیٹھ کر بات چیت سے اپنے اختلافات اور مسائل حل کریں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ سیاسی جماعت کی طرف سے 26 نومبر کی سازش اور سوچ کا تعلق سیاسی دہشت گردی سے ہے،تشدد کی سیاست کا سلسلہ 2014 میں پارلیمنٹ پر حملے سے شروع ہوا،نومبر 2022 میں بھی ایسا ہی کچھ ہوا اور سانحہ 9 مئی بھی قوم نے دیکھا۔