عارف علوی نے ایک بار پھر بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی آس لگا لی
پشاور : عارف علوی نے عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ تبدیلی آنے والی ہے،ستارے حرکت میں آ گئے ہیں۔
سابق صدر عارف علوی نے تحریک انصاف کے رہنماوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک زمین کی بنیاد پر چلتا ہے یہ لوگ اسی پر کرپشن کرتے ہیں،کرپشن مافیا متحرک ہے اور غریب کے پاس کھانے کیلئے روٹی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ثالثی وہاں ہوتی ہے جہاں اصل مسائل ہوں وہاں نہیں جہاں قبضہ ہو،ہمیں غاصبوں سے ملک کو آزاد کرانا ہے،اب بھی وقت ہے تحریک انصاف کی حکومت کو ہٹا کر جو غلطی کی گئی اسے سدھارا جائے۔
سابق صدر نے کہا کہ یہ نہ ہو بانی پی ٹی آئی کو رہا کرکے نظر بند کر دیں،بانی پی ٹی آئی کو مشورہ دوں گا کہ نظر بند نہ ہوں،زیادہ لمبی بات نہیں ہے ایک ڈیڑھ ماہ میں بانی پی ٹی آئی رہا ہو جائیں گے۔
عارف علوی نے تجویز دی کہ جن لوگوں نے سیاست میں حصہ لیا سب کا ٹرائل ہونا چاہیے،پی ٹی آئی کو دبانے کیلئے جمہوریت اور آئین کو تباہ کر دیا گیا۔
اس سے قبل اسد قیصر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمران اختیارات کا غلط استعمال کر کے بدترین تاریخ رقم کر رہے ہیں،اپوزیشن کیخلاف بنائے گئے تمام مقدمات انتقامی کارروائی کی بدترین مثال ہیں،ہمیں فوجی عدالتوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر تحفظات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئین ہمیں ہر مقام پر اپنی آواز بلند کرنے کیلئے پُرامن احتجاج کا حق دیتا ہے،چیلنج کرتا ہوں کوئی ایک ویڈیو دکھا دیں کہ پی ٹی آئی والوں نے ایک گملا بھی توڑا ہو۔
اسد قیصر کے مطابق ہماری جدوجہد ملک کے اندر آئین و قانون کی بالادستی کیلئے ہے،تحریک انصاف آئین و قانون کی حکمرانی کے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی،تمام طاقت کا محور پارلیمنٹ ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ حکومتی اراکین کے سامنے تین مطالبات رکھے ہیں،حکومت سے کہا ہے ملک میں جو غیر قانونی کام ہو رہے ہیں وہ بند کئے جائیں۔