9 مئی کے مجرموں کو سزائیں،حکومت کا ردعمل آ گیا
اسلام آباد : فوجی عدالتوں کی جانب سے 9 مئی کے مجرموں کو سزائیں سنائے جانے پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے ردعمل دے دیا،انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ایکس پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ امریکہ اور برطانیہ کی طرح فوری انصاف ہوتا،اس تاخیر نے ملزموں اور انکے سہولت کاروں کے حوصلے بڑھائے،ایک تاریک دن کی مذمت سے بھی گریز کیا گیا جبکہ شہداء اور غازیوں کی یادگاریوں کی بے حرمتی کرنے والوں کو ہیرو بنایا گیا۔خواجہ آصف کے مطابق ابھی تو جو کارکن استعمال ہوئے ہیں قانون کے ہاتھ ان کے گریبان تک پہنچے ہیں،جب تک قانون کے ہاتھ 9مئی کے منصوبہ سازوں تک نہیں پہنچیں گے تب تک اس سلسلے کا اختتام نہیں ہو گا،ایسے عناصر کے حوصلے وطن دشمن بڑھاتے رہیں گے،یاد رہے کہ فوجی عدالتوں نے 9مئی میں ملوث 25 مجرموں کو سزائیں سنا دی ہیں،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق 9مئی 2023 کو قوم نے پُرتشدد اور جلاؤ گھیراؤ کے افسوسناک واقعات دیکھے،پُرتشدد واقعات ملکی تاریخ کا سیاہ باب ہیں،سیاسی بیانیے کی بنیاد پر مسلح افواج کی تنصیبات اور یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی،تمام شواہد اور واقعات کی باریک بینی سے تفتیش ہوئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف ناقابلِ تردید شواہد اکٹھے کئے گئے،کچھ مقدمات قانون کے مطابق فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کیلئے بھجوائے گئے جہاں مناسب قانونی کارروائی کے بعد ان مقدمات کا ٹرائل ہوا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 13 دسمبر کو سپریم کورٹ کے 7 رکنی آئینی بینچ نے زیر التواء مقدمات کے فیصلے سنانے کا حکم دیا،فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے پہلے مرحلے میں 25 ملزمان کو سزائیں سنائیں،تمام شواہد کی جانچ پڑتال اور مناسب قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد سزائیں سنائی گئی ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق 9مئی کی سزاؤں کا فیصلہ انصاف کی فراہمی میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا،سیاسی پروپیگنڈے اور زہریلے جھوٹ کا شکار بننے والے لوگوں کیلئے سزائیں تنبیہ ہیں تاکہ وہ مستقبل میں کبھی حدود سے تجاوز نہ کریں،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ صحیح معنوں میں مکمل انصاف اُس وقت ہو گا جب 9مئی کے ماسٹر مائنڈ اور منصوبہ سازوں کو آئین و قانون کے مطابق سزائیں ملیں گی،ریاست 9مئی کے واقعات میں مکمل انصاف مہیا کر کے قانون کی عملداری کو یقینی بنائے گی جبکہ گمراہ اور تباہ کُن سیاست کو دفن کیا جائے گا،آئی ایس پی آر کے مطابق سزا پانے والے ملزمان کو تمام قانونی حقوق فراہم کئے گئے ہیں اور سزا یافتہ مجرموں کے پاس اپیل اور دیگر قانونی چارہ جوئی کا حق حاصل ہے۔