ججوں کے خط کا معاملہ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے تمام ججوں سے تجاویز طلب کرلیں
اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں 6 ججوں کے خط کے معاملے پر عدالت عالیہ سمیت مقامی عدالتوں کے ججوں سے تجاویز طلب کرلیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججوں کے خط کے معاملے پر اہم پیش رفت ہوئی ہے اور اسلام آباد ہائی کورٹ نے سپریم کورٹ کی ہدایت پر تمام ججوں سے تجاویز مانگ لی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے دفتر نے تمام ججوں سے پیر تک تجاویز مانگ لی ہیں، عدالت نے ڈسڑکٹ اینڈ سیشن جج ایسٹ اور ڈسڑکٹ اینڈ سیشن جج ویسٹ اسلام آباد سے بھی تجاویز طلب کر لی ہیں اور پیر تک تمام ججوں کو تجاویز بھجوانے کی ہدایت کردی ہے۔
اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ ججوں کو سپریم کورٹ کے حکم نامہ کی کاپی بھی بھجوائی گئی ہے جبکہ ججوں کی تجاویز کے بعد سپریم کورٹ کا فل کورٹ بلانے یا نہ بلانے کا فیصلہ ہوگا۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججوں کی جانب سے عدالتی امور پر ایجنسیوں کے دباؤ کے حوالے سے لکھے گئے خط پر چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 7 رکنی لارجر بینچ نے تمام ہائی کورٹ اور بارز سے تجاویز مانگی تھیں۔