عید کے موقع پرعمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات کروانے کا حکم
اسلام آباد ہائی کورٹ نے عید کے موقع پر بانی پاکستان تحریک انصاف کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات کروانے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں بشریٰ بی بی کی بنی گالا سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی درخواستوں کی سماعت ہوئی۔عدالت نے عید کے موقع پر اور ہفتے میں ایک دن بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ملاقات کروانے کا حکم دیا۔
عدالت نے ریمارکس دئیے کہ حکومت کسی کی نجی پراپرٹی کو سب جیل کیسے قرار دے سکتی ہے۔ آئندہ سماعت پر دلائل طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔
اسٹیٹ کونسل نے کہا کہ عدالت کے حکم پر ڈائریکٹر لا نے بنی گالہ سب جیل کا دورہ کرکے رپورٹ جاری کردی ہے۔ عدالت نے اسٹیٹ کونسل کو رپورٹ کی کاپی درخواست گزار کو فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بنی گالہ سب جیل کا دورہ کرنے والی افسر سہولیات سے مطمئن ہوئی ہیں۔