پڑھی لکھی خواتین معاشرے میں ترقی کی ضامن ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر
پاک فوج کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر نے کہا ہے کہ ہمیں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے معاشرتی رویوں کو چیلنج کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ خواتین کی تعلیم کے حوالے سے چیلنجز ضرور ہیں مگر موجود مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے ۔ نیشنل پالیسی اور بجٹ میں خواتین کی تعلیم کے حوالے سے اقدامات کیے جانے چاہییں۔ خواتین کی تعلیم کے حوالے سے معاشرے میں آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے کیوں کہ آج کی پڑھی لکھی خاتون معاشرے میں کردار ادا کرے گی۔لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کا کہنا تھا کہ میں ایسے معاشرے میں پلی بڑھی جہاں صنفی تفریق عام تھی۔ لڑکیوں کی تعلیم کو اکثر نظرانداز کیا جاتا تھا۔ تعلیم نے میری زندگی میں انقلاب برپا کیا اور آج اس مقام پر ہوں جہاں ملک کی خدمت کر رہی ہوں۔انہوں نے کہا کہ بطور فوجی، ایسے علاقے بھی دیکھے جہاں گرلز سکول تباہ ہو چکے تھے اور لڑکیوں کو زبردستی تعلیم سے محروم کر دیا گیا تھا۔ ان بہادر لڑکیوں کو بھی دیکھا جو اپنی تعلیم کے حق کے لیے کھڑی ہوئیں اور جدوجہد کی۔لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہرمسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم کے موضوع پر دوروزہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کا موضوع میرے دل کے قریب ہے ۔ پڑھی لکھی خواتین معاشرے میں ترقی کی ضامن ہیں ۔ خواتین کو با اختیار بنانا وقت کی ضرورت ہے ۔