ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریبِ حلف برداری شدید سرد موسم اور یخ بستہ ہواوں کی لپیٹ میں
دنیا بھر کی نظریں نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریبِ حلف برداری پر جم گئیں،شدید سرد موسم اور یخ بستہ ہوائیں چلنے کی وجہ سے ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریبِ حلف برداری روایت سے ہٹ کر ہو گی۔
واشنگٹن ڈی سی میں خون جما دینے والی سردی کے باعث تقریب آوٹ ڈور کے بجائے اِ ن ڈور ہو گی،واشنگٹن میں درجہ حرارت منفی 11 ڈگری تک گرنے کا امکان ہے جس کی وجہ سے 40 برس بعد امریکی صدر کے حلف اٹھانے کی تقریب اِن ڈور ہو رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کیپٹل ہل کی عمارت کے اندر سجنے والی تقریب میں صدارت کا حلف اٹھائیں گے،تقریب میں دنیا کےکھرب پتی افراد کی شرکت کا بھی امکان ہے جن میں ایلون مسک،میٹا کے مالک مارک زکر برگ،اوپن اے آئی کے سی ای او سام آلٹمین،گوگل کے سی ای اوسُندر پِچائی،ایپل کے سی ای او ٹم کک،ایمازون کے بانی جیف بیزوس اور ٹک ٹاک کے سی ای او شو چاو شامل ہیں۔
چین کے نائب صدر،جاپان ،آسٹریلیا اور بھارت کے وزرائے خارجہ تقریب میں شرکت کریں گے۔پاکستان کی نمائند گی امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر کریں گے،چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سمیت کئی سیاسی رہنما اور اوور پاکستانی بھی شریک ہوں گے۔
امریکی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جان رابرٹس ڈونلڈ ٹرمپ سے حلف لیں گے جس کے بعد امریکہ کے 47 ویں صدر ضروری دستاویزات پر دستخط کریں گے،ڈونلڈ ٹرمپ کابینہ کیلئے نامزد ارکان کے ناموں کی فہرست پر بھی دستخط کریں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کئی ایگزیکٹیو آرڈرز بھی جاری کرنے کا امکان ہے،انہوں نے تقریبِ حلف برداری سے قبل ریلی سے خطاب میں غیر قانونی تارکین وطن کیخلاف کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امریکی سرحدوں پر غیر قانونی داخلہ روکیں گے،جوبائیڈن کے تمام ایگزیکٹیو آرڈر منسوخ کریں گے۔
انکا کہنا تھا کہ ٹک ٹاک ایپ بحال ہو چکی ہے،مجھے ٹک ٹاک پسند ہے،ٹک ٹاک کے 50 فیصد شیئرز امریکہ کو ملنے چاہئیں۔
یاد رہے کہ آخر بار 1985 میں سابق امریکی صدر رونالڈ وریگن کی تقریبِ حلف برداری اِن ڈور ہوئی تھی۔