سری لنکن کرکٹر ارجنا رانا ٹنگا کے بعد جنوبی افریقن کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان گریم اسمتھ نے بھی ٹو ڈویژن ٹیسٹ کرکٹ کی مخالفت کر دی۔
گریم اسمتھ نے آئی سی سی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں کونسا ایسا کھیل ہے جہاں صرف 3 ملک کھیلتے ہیں؟آئی سی سی کیسے ایسا اسٹرکچر بنا سکتی ہے جو صرف ٹاپ تھری کیلئے اچھا ہو۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ورلڈ کرکٹ کی ضرورت ہے کہ جنوبی افریقہ،ویسٹ انڈیز اور سری لنکا مضوط ہو،جنوبی افریقہ کی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل تک پہنچ گئی ہے اور یہ چیز ہمارے لیے اہم ہے۔
جنوبی افریقہ کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ بھارت،آسٹریلیا اور انگلینڈ آپس میں زیادہ کرکٹ کھیلیں گے تو یہ دوسری ٹیموں کیلئے بہتر نہیں ہو گا،سب سے زیادہ فائدہ بھارتی کرکٹ ٹیم کو پہنچے گا۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کلائیو لائیڈ نے بھی نیا ماڈل مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جن ممالک نے ٹیسٹ اسٹیٹس کیلئے سخت محنت کی ان کیلئے یہ خوفناک بات ہے۔
واضح رہے کہ چند روز پہلے ٹو ڈویژن ٹیسٹ کرکٹ کو متعارف کرانے کے حوالے سے کچھ تجاویز میڈیا پر رپورٹ ہوئی تھیں۔