برصغیر کی آزادی کے ہیرو بھگت سنگھ کی یادمیں گیلری سیاحوں کیلئے کھول دی گئی
پنجاب حکومت نے پونچھ ہاؤس لاہور میں واقع بھگت سنگھ گیلری کو سیاحوں کے لیے کھول دیا ہے۔اس مقام پرتقریباً 93 سال قبل آزادی پسند جنگجوبھگت سنگھ کا ٹرائل ہوا تھا۔اس گیلری میں تاریخی دستاویزات موجود ہیں، جن میں تصاویر، خطوط، اخبارات، مقدمے کی تفصیلات اور بھگت سنگھ کی زندگی اور جدوجہد آزادی سے متعلق دیگر یادگاری مضامین شامل ہیں۔یادرہے کہ23 سالہ بھگت سنگھ کو 23 مارچ 1931 کو لاہور میں برطانوی حکمرانوں نے حکومت کے خلاف سازش کے الزامات کے تحت پھانسی دے دی تھی۔گیلری میں رکھے ریکارڈ میں بھگت سنگھ کے والد سردارکشن سنگھ کی ایک درخواست بھی شامل ہے۔یہ درخواست انہوں اپنے بیٹے کی پھانسی کے خلاف دی تھی۔ریکارڈمیں بھگت سنگھ کی ایک درخواست بھی شامل ہے کہ انہیں روزانہ اخبارات اور کتابیں پڑھنے کی اجازت دی جائے۔دستاویزات میں موجودکیس فائلوں میں لکھاہے کہ کس طرح برطانوی پولیس اور ایجنسیوں نے بھگت سنگھ کی ٹیم کا پردہ فاش کیا تھا۔گیلری میں بہت سی دیگراہم دستاویزات بھی رکھی گئی ہیں۔