فضائی آلودگی پھیلانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں،مریم اورنگزیب
لاہور : وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر یکم مارچ سے 31دسمبر 2024 تک آلودگی پھیلانے والے سینکڑوں بھٹے بند کئے گئے،صوبے بھر میں مجموعی طور پر 11ہزار بھٹوں کی انسپیکشن،11 ہزار 153 کو نوٹسز جاری کئے گئے جبکہ 11 سو کو مسمار کیا گیا۔
پنجاب کابینہ کی سنیئر وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق بھٹوں اور صنعتوں کی نگرانی کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں،آلودگی کیخلاف کارروائی سے عوامی صحت میں بہتری آئے گی،صنعتی یونٹس کو ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد کیلئے ڈیڈ لائن دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں صاف ہوا اور بہتر ماحول کیلئے سخت فیصلے وقت کی ضرورت ہیں،ماحولیاتی آلودگی کیخلاف مہم کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔غیر زیگ زیگ بھٹوں کیخلاف کارروائی حکومت کی سنجیدگی کا مظہر ہے،صنعتی یونٹس کی بندش سے آلودگی کی سطح میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
سنیئر صوبائی وزیر نے اپیل کی کہ بھٹہ مالکان اور صنعتکار ماحولیاتی قوانین کی پاسداری کریں،ماحولیاتی تحفظ کیلئے حکومت اور عوام کو مل کر کام کرنا ہو گا،غیر قانونی بھٹوں کی بندش سے زرعی پیداوار میں بھی بہتری آئے گی ،حکومت کا مقصد ماحولیاتی بہتری کے ساتھ عوام کی خوشحالی بھی ہے۔
مریم اورنگزیب نے اعلان کیا کہ پنجاب میں صاف فضا کیلئے آلودگی پھیلانے والے یونٹس کے خلاف آپریشن جاری رہے گا اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر مزید سخت سزائیں دی جائیں گی۔