کرکٹ متوالے ہو جائیں تیار،چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا ہو گیا اعلان
آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کر دیا،میگا ایونٹ 19 فروری سے کراچی میں شروع ہو گا۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں 8 ممالک کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔میچز کراچی،لاہور،راولپنڈی اور دبئی میں کھیلے جائیں گے،چیمپئنز ٹرافی کے میچز 9 مارچ تک جاری رہیں گے اور تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے،بھارتی ٹیم اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے گی۔
گروپ اے میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے علاوہ نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کو رکھا گیا ہے جبکہ گروپ بی میں انگلینڈ،آسٹریلیا،افغانستان اور جنوبی افریقہ شامل ہے۔
19 فروری کو پہلا میچ کراچی میں ہو گا جس میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے کھلاڑی مدمقابل ہوں گے،20 فروری کو بھارت اور بنگلہ دیش دبئی میں آمنے سامنے ہوں گے۔21 فروری کو جنوبی افریقہ اور افغانستان کراچی میں جبکہ 22 فروری کو انگلینڈ اور آسٹریلیا لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ٹکرائیں گے۔
ٹرافی کا سب سے بڑا ٹاکرا 23 فروری کو دبئی میں ہو گا جہاں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں پنجہ آزمائی کریں گی۔24 فروری کو نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش راولپنڈی میں،25 فروری کو جنوی افریقہ اور آسٹریلیا راولپنڈی میں جبکہ 26 فروری کو انگلینڈ اور افغانستان لاہور میں آمنے سامنے ہوں گے۔
27 فروری کو پاکستان اور بنگلہ دیش راولپنڈی میں،28 فروری کو آسٹریلیا اور افغانستان راولپنڈی میں جبکہ یکم مارچ کو انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں کراچی کے میدان میں اتریں گی۔
2 مارچ کو نیوزی اور بھارت کے درمیان دبئی میں جوڑ پڑے گا۔4 مارچ کو پہلا سیمی فائنل دبئی میں اور 5 مارچ کو دوسرا سیمی فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔9 مارچ کو میگا ایونٹ کا فائنل لاہور میں ہو گا لیکن اگر بھارت نے فائنل تک رسائی حاصل کر لی تو فائنل دبئی میں کھیلا جائے گا۔