قائداعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش،قوم کا بانی پاکستان کو خراج عقیدت
کراچی : بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا 148 واں یوم پیدائش ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
بانی پاکستان کے یوم پیدائش پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب کا اہتمام مزارِ قائد پر کیا گیا،پی ایم اے کاکول کے چاق و چوبند دستے نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھال لئے
گورنر سندھ کامران ٹیسوری،وزیراعلٰی سندھ مراد علی،صوبائی کابینہ سمیت اعلٰی سول اور عسکری حکام نے مزار قائد پر حاضری دی،پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی،مراد علی شاہ اور کامران ٹیسوری نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کئے۔
گورنر سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مادر وطن کو حقیقی معنوں میں قائد کا پاکستان بنانا ہے،ارض پاک کے حصول کیلئے بابائے قوم کی خدمات ناقابل فراموش ہیں،ہم مشکل مرحلے سے گزر رہے ہیں قوم کو مایوس نہیں ہونا چاہیے۔
وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ بیرونی طاقتوں کی سازشوں سے ملک کو بچانا ہے۔حکومت معاشی،سیاسی اور امن و امان کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے قائد اعظم کے یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں کہا کہ محمد علی جناح نے سیاسی جدوجہد کے ذریعے تاریخ کا دھارابدلا،قائداعظم کے وژن،عزم اور استقلال سے مسلمانان برصغیر کیلئے آزاد وطن کا قیام ممکن ہوا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج ہم قائداعظم کی غیر معمولی بصیرت،غیر متزلزل ہمت اور بے مثال عزم کی یاد تازہ کر رہے ہیں،بانی پاکستان کی جدوجہد کا سفر یقین کی طاقت،محنت اور لگن کے ذریعے خوابوں کی تعبیر کا ثبوت ہے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس،سروسز چیفس اور افواج پاکستان نے بھی بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم کی بے مثال قیادت قابل تحسین ہے،بانی پاکستان کی انتھک جدوجہد نے قوم کو متحد کیا۔قائد اعظم کے ایمان،اتحاد اور تنظیم کے اصولوں کیلئے غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیراعلٰی خیبر پختو پختو نخوا علی امین گنڈا پور سمیت دیگر سیاسی رہنماوں نے بھی بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔