وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نوجوانوں کو روزگار کیلئے 3 کروڑ روپے تک قرض دینے کا اعلان کر دیا
اسلام آباد : وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے اپنے بچے ملک سے باہر اور دوسروں کے بچے جیل میں یہ کہاں کی لیڈر شپ ہے؟کوئی ماں اپنے بچوں کو جلاؤ گھیراؤ،توڑ پھوڑ اور مار پیٹ کا درس نہیں دے سکتی۔
وزیراعلٰی مریم نواز نے فاسٹ یونیورسٹی اسلام آبادمیں ہونہار اسکالر شپ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو گالم گلوچ الزام تراشی سیکھانے والے ان کے ہمدرد نہیں ہوسکتے،کسی کو گالی دینا اخلاقیات نہیں،نوجوان نسل ملک کے خلاف کوئی بھی کام نہ کرنے کا عہد کرے،مخالفین کا شکریہ جنہوں نے اتنا مضبوط بنا دیا۔
انہوں نے کہا بعض مخالفین کو تکلیف ہے کہ بچوں کو اسکالر شپ کیوں مل رہے ہیں؟صرف راولپنڈی ڈویژن سے 2500طلبہ کو ہونہار اسکالر شپ ملا،بچوں کے اندر خودداری ہوتی ہے وہ اپنے ماں پاب پر بوجھ نہیں بننا چاہتے،طلبہ سے کہوں گی کہ ماوں،بہنوں اور بیٹیوں کی عزت کرنا آپ کی ذمہ داری ہے۔
وزیراعلیٰ نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ جیل برداشت کی،عدالتوں میں دھکے کھائے،سیاسی آگ کی بھٹی میں گزر کر سخت ہوچکی ہوں،سیاسی مخالفت کی بنا پر عورت ہونے کے باوجود کردار کشی کی جاتی رہی،سات آٹھ سال بعد معیشت میں بہتری آرہی ہے،ہم نے ٹیک آور کیا تو دیوالیہ ہونے کی آوازیں آرہی تھیں،اب اچھی خبریں آنا شروع ہو گئی ہیں۔
مریم نواز نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف آئی ٹی سٹی میں بہترین عالمی یونیورسٹی کے کیمپس بنانے کیلئے بات چیت جاری ہے اور چین کے بڑے بزنس ہاؤسز پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہاں ہیں۔
وزیراعلٰی پنجاب نے نوجوانوں کو روزگار کیلئے 3 کروڑ روپے تک قرض دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم کے بعد روزگار فراہم کرنا بھی ریاست کی ذمہ داری ہے۔