پاکستان
Trending

مذاکرات میں اہم پیشرفت،حکومت اور پی ٹی آئی کے وفد کی کل اہم بیٹھک ہو گی

اسلام آباد : اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کو باضابطہ بات چیت کی دعوت دے دی ہے، مذاکرات کے پہلے دور میں ٹی او آرز پر بات چیت ہو گی، اسپیکر کی مذاکرات کی دعوت دونوں فریقین نے قبول کر لی ہے۔

پی ٹی آئی کا وفد کل مذاکراتی عمل میں شریک ہو گا، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے پہلی دور کی بیٹھک کل اسپیکر چیمبر میں سجے گی۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اپنے بیان میں کہا کہ مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کا اقدام خوش آئند ہے، دونوں کمیٹیوں کے اراکین سے پارلیمنٹ ہاوس میں اپنے چیمبر میں ملاقات کروں گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ نیک نیت سے حکومت اور اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی، بات چیت سے ہی آگے بڑھا جا سکتا ہے۔  

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کیلئے حکومتی اتحاد کے ارکان پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

مذاکراتی کمیٹی میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار،رانا ثناء اللہ اور سینیٹر عرفان صدیقی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پیپلز پارٹی کی طرف سے راجہ پرویز اشرف،نوید قمر،ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما خالد مقبول صدیقی،رہنما مسلم لیگ ق چوہدری سالک حسین اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سلامتی اور قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے گا،پاکستان ہے تو ہم سب ہیں،اسپیکر قومی اسمبلی کی کاوش کو سراہتا ہوں۔

متعلقہ خبریں۔

Back to top button