اسکالر شپ کو 30 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار تک لیکر جائیں گے،مریم نواز

ڈیرہ غازی خان : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خیبر پختو نخوا اور بلوچستان کے طلبہ کو بھی ہونہار اسکالرشپ دینے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔
مریم نواز نے غازی یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب کوئی طالب علم فیس نہ ہونے کی وجہ سے اعلیٰ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا،طلبہ کا ہر فیصلہ ہونہار اسکالر شپ کی طرح 100فیصد میرٹ پر ہونا چاہیے۔
انہوں نے تحریک انصاف کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم 9 مئی والے نہیں ہیں 28 مئی والے ہیں،ہم ڈنڈا بردار نہیں بلکہ علم،امن اور ترقی کے علمبردار ہیں،انتشار پھیلانے والوں نے نوجوانوں کو ورغلا کر جیل میں پہنچا دیا۔
انکا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے اپنے دورِ حکومت میں کچھ کام نہیں کیا،صرف چور چور کے نعرے لگائے،گالی گلوچ اور پگڑیاں اُچھالنے والے آپ کا دوست نہیں ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہونہار اسکالر شپ کے حوالے سے پروپیگنڈہ وہ کررہے ہیں جنہوں نے اسکالر شپ کی بجائے بچوں کے ہاتھ میں پٹرول بم دئیے،میرے کندھوں پر طلبہ کے خواب کو پورا کرنے اور مستقبل کو بہتر بنانے کا بوجھ ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان بہت سے وسائل سے مالا مال کیا ان وسائل میں 65فیصد نوجوان بھی شامل ہیں،اگلے چند سالوں میں یہی نوجوان پاکستان کو لیڈ کریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اعلان کیا کہ طلبہ کو جلد لیپ ٹاپ اور 1 لاکھ ای بائیکس فراہم کریں گے،سیکنڈ اور تھرڈ ایئر طلبہ کو بھی اسکالر شپ دیں گے۔