نامورمزاحیہ اداکارمنورظریف کودنیافانی سے رخصت ہوئے 49برس بیت گئے

مانیٹرنگ ڈیسک۔نامور مزاحیہ اداکار اور شہنشاہِ ظرافت کے لقب سے پہچانے جانے والے منور ظریف کو دنیا فانی سے رخصت ہوئے 49 برس بیت گئے۔ اپنی بے مثال مزاحیہ اداکاری سے لاکھوں دلوں کو ہنسانے والے منور ظریف آج بھی اپنے فن کے ذریعے مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔
منور ظریف نے اپنے فنی سفر کا آغاز 1961ء میں کیا اور بہت جلد اپنی خداداد صلاحیتوں کے باعث فلم انڈسٹری میں ایک نمایاں مقام حاصل کر لیا۔ ان کی پنجابی فلم ’’ہتھ جوڑی‘‘ نے ان کے فلمی کیریئر کو نئی بلندیوں پر پہنچایا اور انہیں صفِ اول کے مزاحیہ اداکاروں میں شامل کر دیا۔
اداکار رنگیلا کے ساتھ ان کی جوڑی برصغیر پاک و ہند کی سب سے کامیاب مزاحیہ جوڑیوں میں شمار ہوتی ہے۔ ان دونوں فنکاروں نے اپنی برجستہ مکالمہ بازی اور مزاحیہ ٹائمنگ سے ناظرین کو خوب محظوظ کیا۔
محمد منور، فلمی دنیا میں منور ظریف کے نام سے جانے جاتے تھے۔ انہوں نے ایسے وقت میں فلم انڈسٹری میں قدم رکھا جب نرالہ، زلفی اور خلیفہ نذیر جیسے منجھے ہوئے کامیڈین موجود تھے۔ تاہم، منور ظریف نے اپنی ایک بالکل منفرد مزاحیہ انداز اپنایا اور اپنی بے ساختہ اداکاری سے ایک خاص پہچان بنائی۔ یہی وجہ تھی کہ ان کے چاہنے والوں نے انہیں ’’شہنشاہِ ظرافت‘‘ کا لقب عطا کیا۔
منور ظریف کی اداکاری کا خاصہ ان کا منفرد انداز اور مزاح میں ظرافت کا عنصر تھا۔ وہ جب بھی پردۂ سیمیں پر جلوہ گر ہوتے، فلم بین ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہو جاتے۔ ان کی ہر نئی فلم میں لوگوں کے لیے تفریح اور قہقہوں کا خزانہ ہوتا تھا۔
اپنے 16 سالہ کامیاب فلمی کیریئر میں منور ظریف نے 300 سے زائد اردو اور پنجابی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کی چند مشہور فلموں میں ’’بنارسی ٹھگ‘‘، ’’جیرا بلیڈ‘‘، ’’موج میلہ‘‘، ’’چکر باز‘‘ اور ’’نوکر وہٹی دا‘‘ سمیت کئی یادگار فلمیں شامل ہیں۔ منور ظریف کی لازوال اداکاری اور مزاحیہ کردار ہمیشہ پاکستانی فلم انڈسٹری کا ایک سنہرا باب رہیں گے۔