بھمبر:پاک فوج نے بھارتی فوج کاکواڈکاپٹرمارگرایا

پاک فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی کواڈ کاپٹر کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ایک اور مذموم کوشش کو ناکام بناتے ہوئے اسے مار گرایا ہے۔ یہ واقعہ بھمبر کے علاقے مناور سیکٹر میں پیش آیا، جہاں دشمن ایک کواڈ کاپٹر کے ذریعے جاسوسی کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج کے مستعد جوانوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے اس ناپاک ارادے کو خاک میں ملا دیا۔ پاک فوج کی فوری اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں بھارتی کواڈ کاپٹر کو فضا میں ہی نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع نے اس واقعے کو پاک فوج کی مستعدی، پیشہ ورانہ مہارت اور دفاعی تیاری کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دینے کے لیے ہر دم تیار ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک سرزمین کی حفاظت ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے گی اور کسی بھی دشمن کو ملک کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی