مسلح افواج ہمیشہ مستعد،ثابت قدم،سرحدوں کے تحفظ اور مادر وطن کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں۔سربراہان مسلح افواج کایوم پاکستان پر پیغام

ہم نئی امید کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں اور ترقی کے ایک روشن سفر کے لیے پرعزم ہیں۔تینوں سروسز چیف اورچیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کاقوم کے نام پیغام
یوم پاکستان کے موقع پر افواج پاکستان کے سربراہان نے اپنے پیغام میں کہاہے کہ یہ دن برصغیر کے مسلمانوں کی عظیم کوششوں کی یاد دلاتا ہے جو ایک الگ وطن کیلئے کی گئی تھیں، یہ دن ہمارے آباؤ اجداد کی بے مثال قربانیوں کی بھی یاد دلاتا ہے، ہمارے آباؤ اجداد نے پاکستان کے قیام کیلئے لازوال جدوجہد کی۔23 مارچ 1940 ہماری تاریخ کا ایک فیصلہ کن لمحہ تھا جب ہمارے اجتماعی نظریے کو واضح شکل ملی اور ایک آزاد وطن کے قیام کی راہ ہموار ہوئی۔ ایمان، امید اور استقامت کی بنیاد پر یہ دن پاکستانی عوام کے غیرمتزلزل عزم کی علامت ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہماری قوم جمہوریت کے پرچم تلے ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور اسلام کے ابدی اصولوں پر کاربند ہے۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تینوں سروسز چیف نے اپنے پیغام یہ بھی کہا کہ پختہ عزم اور اللہ کی رحمت کے ساتھ، پاکستان اپنے جمہوری اداروں کو مستحکم کرنے اور اپنے شہریوں کی فلاح و بہبود کے تحفظ میں مصروف عمل ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج ہمیشہ مستعد اور ثابت قدم ہیں اور اپنی مقدس سرحدوں کے تحفظ اور مادر وطن کی خودمختاری کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں۔آج پاکستان عالمی برادری میں ایک ذمہ دار اور باوقار ملک کے طور پر کھڑا ہے جو امن، استحکام اور باہمی تعاون کا داعی ہے جبکہ ہم نئی امید کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں اور ترقی کے ایک روشن سفر کے لیے پرعزم ہیں۔ ہم اپنی قومی شناخت کے اس جوہر امن کو برقرار رکھیں گے اور اس کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے، ان شاء اللہ۔