پاکستان

علمائے کرام سے اپیل ہے کہ وہ خوارج کی طرف سے اسلام کی مسخ شدہ تشریح کو بے نقاب کریں۔جنرل سید عاصم منیر

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سلامتی سے بڑا کوئی ایجنڈا نہیں، کوئی تحریک نہیں اور کوئی شخصیت نہیں ہو سکتی۔آرمی چیف نے کہا کہ پائیدار استحکام کے لیے قومی طاقت کے تمام عناصر کو ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنا ہوگا، کیونکہ یہ ہماری اور ہماری آنے والی نسلوں کی بقا کی جنگ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو بہتر گورننس اور ایک مضبوط (Hard) ریاست بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ ہم کب تک ایک کمزور (Soft) ریاست کے طرز پر بے پناہ جانوں کی قربانیاں دیتے رہیں گے اور گورننس کے خلا کو افواج پاکستان اور شہداء کے خون سے بھرتے رہیں گے؟آرمی چیف نے علماء سے اپیل کی کہ وہ خوارج کی طرف سے اسلام کی مسخ شدہ تشریح کو بے نقاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ ملک ہے تو ہم ہیں، لہٰذا ہمارے لیے ملک کی سلامتی سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں۔جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کے تحفظ کے لیے پوری قوم کو یک زبان ہو کر اپنے سیاسی اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ایک بیانیہ اپنانا ہوگا۔ انہوں نے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جو عناصر پاکستان کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، انہیں آج یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم متحد ہو کر انہیں اور ان کے سہولت کاروں کو ناکام بنائیں گے۔

متعلقہ خبریں۔

Back to top button