وزیراعظم کراچی کے عوام سے کیاگیاوعدہ پورا کریں اور180بسیں فراہم کریں۔شرجیل میمن

پنک ٹیکسی سروس متعارف کرائی جا رہی ہے تاکہ خواتین کے لیے محفوظ اور آرام دہ سفری سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔شرجیل میمن
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے خواتین کے لیے خصوصی اقدامات کے حوالے سے بات کرتے کہاہے کہ پنک اسکوٹر خواتین کو مفت فراہم کی جا رہی ہیں، جو خصوصی طور پر نوکری پیشہ خواتین کے لیے ہوں گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پنک ٹیکسی سروس بھی جلد متعارف کرائی جا رہی ہے، تاکہ خواتین کے لیے محفوظ اور آرام دہ سفری سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔بسوں کی فراہمی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے وزیر اعظم سے اپیل کی کہ وہ کراچی کے لیے 180 بسوں کی فراہمی کے اپنے وعدے کو پورا کریں، کیونکہ یہ کراچی کے شہریوں کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو اپنی کمٹمنٹ پوری کرنی چاہیے اور کراچی کے عوام کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کرنی چاہئیں۔ان کاکہناتھاکہ حکومت سندھ نے “آئی ورک فار سندھ” ایپ اور پورٹل کا آغاز کر دیا ہے، جس کے ذریعے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ تمام منصوبے کراچی کے عوام کے لیے ہیں اور انہیں بروقت مکمل کیا جائے گا تاکہ شہر میں جدید سفری سہولتیں دستیاب ہو سکیں۔
شرجیل انعام میمن نے یلو لائن بی آر ٹی کے جاری تعمیراتی کام کا دورہ کیا اور منصوبے کی پیش رفت کا معائنہ کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کے لیے اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔حکومت سندھ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے دن رات محنت کر رہی ہے۔ ییلو لائن بی آر ٹی منصوبہ ستمبر 2025 میں مکمل ہونا تھا، لیکن اب مئی 2025 تک مکمل کر دیا جائے گا، یعنی یہ منصوبہ مقررہ مدت سے پانچ ماہ قبل مکمل ہوگا۔