اختیار میں ہو تو پنجاب سے زیادہ اسکالر شپ اور لیپ ٹاپ بلوچستان کے طلبہ کودوں،وزیراعلیٰ مریم نواز

لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب سے بلوچستان ریزیڈنشل کالج کے 50رکنی طلبہ کے وفد نے ملاقات کی،مریم نواز کی طرف سے بلوچستان کے طلبہ کیلئے لیپ ٹاپ کا تحفہ دیا گیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ بہت جلد بلوچستان آ کر طلبہ کو ہونہار سکالرشپ دینا چاہتی ہوں،اختیار میں ہو تو پنجاب سے زیادہ اسکالر شپ اور لیپ ٹاپ بلوچستان کے طلبہ کو دوں،بلوچستان کے طلبہ کو ای بائیک دینے کا بھی جائز ہ لیا جائے گا،جہاں مسلم لیگ(ن) کی حکومت رہی ترقی وہاں پر ہوئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نواز شریف کے 3مرتبہ وزارت عظمیٰ کے دور میں بلوچستان میں ترقی ہوئی،ہر پاکستانی کی طرح میرے دل میں بھی بلوچستان کیلئے محبت کے جذبات ہیں،بلوچستان کے لوگوں کیلئے دل تڑپتا ہے،بلوچستان کےطلبہ کسی سے کم نہیں،موافق حالات ملیں تو وہ سب سے آگے بڑھ جائیں۔
مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب میں 3لاکھ سے کم آمدن والے 30ہزار بچوں کو ہونہار سکالر شپ دے رہے ہیں،سرکاری ہی نہیں بہترین نجی یونیورسٹی کے طلبہ کو پہلی مرتبہ سکالر شپ مل رہا ہے،30ہزار میں سے ایک بھی سکالر شپ سفارش پر نہیں دیا،اسکالر شپ دیتے ہوئے کسی سے نہیں پوچھا گیا کہ تعلق کس جماعت سے ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اسکالرشپ حاصل کرنے والے اگلے 4 برس مفت تعلیم حاصل کریں گے،طلبہ کی طرف سے ملنے والی محبت اور پیار کو مخالفین نے ڈرامہ قرار دیا،ڈیجیٹل دور میں لیپ ٹاپ کے بغیر پڑھائی ممکن نہیں۔