ایسا نظام بنانا چاہتی ہوں کہ مسائل دوبارہ نظر نہ آئیں، عوام کو نہ ستائیں۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی بیوروکریسی کوہدایات

وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے لاہور میں اچانک طوفانی دورے، ترقیاتی کاموں کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیا
پنجاب کی سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب بھی وزیر اعلی کے ہمراہ تھیں
وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں اچانک طوفانی دورے کیے اور ترقیاتی کاموں کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیا۔وزیراعلی نےلاہور کی ترقی کے تاریخی ‘لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام’ کے مختلف زونز میں منصوبوں پر پیش رفت کا معائینہ کیا۔وزیر اعلی مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ پنجاب کی طرح لاہور کے ہر علاقے کی مساوی ترقی ہوگی، معیار ایک جیسا یقینی بنائیں۔ان کاکہناتھاکہ ایسا نظام بنانا چاہتی ہوں کہ مسائل دوبارہ نظر نہ آئیں، عوام کو نہ ستائیں۔’لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام’ غریب، امیر اور متوسط پورے لاہور کی ترقی کا منصوبہ ہے، سالوں کی عوامی شکایات کا خاتمہ کیا جائے گا۔وزیراعلی نے کہاکہ منصوبے کے تحت پورے لاہور کو 9 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ کوئی علاقہ، محلہ اوربستی ترقی کی عمل سے محروم نہ رہے ۔منصوبوں پر دو حصوں میں مرحلہ وار عمل ہوگا، پہلے مرحلے میں 6، دوسرے میں 3 زونز میں ترقیاتی کام ہوں گے۔ان9 زونز کو گلبرگ، داتا گنج بخش، سمن آباد، شالامار، راوی، عزیز بھٹی، نشتر، واہگہ اور علامہ اقبال زونز کے نام دئیے گئے ہیں۔’لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام’ کے پہلے مرحلے میں کل 450 ترقیاتی سکیموں میں سے واسا کی 252 اور میونسپل کارپوریشن لاہور کی 198 سکیمیں شامل ہیں۔بریفنگ میں بتایاگیاکہ433 سکیموں میں تعمیراتی کام دیا جا چکا ہے جبکہ 411 ترقیاتی سکیموں پر کام کا آغاز بھی ہو چکا ہے۔