عوام کو مہنگی بجلی سے ریلیف دینا چاہتے ہیں،فری سولر پینل سکیم جلد پایہ تکمیل تک پہنچائی جائے۔مریم نوازشریف

فری سولر پینل سکیم کے تحت سال بھر میں 94 ہزار 483 سولر سسٹم لگائے جائیں گے، ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنیوالے صارفین کیلئے سولر سسٹم مفت انسٹال کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے رمضان میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے مفت سولر پینل اسکیم کی ڈیجیٹل قرعہ اندازی کردی ہے۔سیکرٹری انرجی نے وزیراعلی کو بریفنگ میں بتایا کہ فری سولر پینل حاصل کرنے والے صارفین کی معاونت اور رہنمائی کیلئے ہیلپ لائن بھی قائم کی گئی ہے، سولر پینل اور انورٹر کو چوری سے بچانے کیلئے صارف کے شناختی کارڈ سے منسلک کیا جائے گا، پنجاب میں ایک لاکھ سولر سسٹم انسٹال کرنے سے 57 ہزار ٹن کاربن کا اخراج کم ہوگا، فری سولر پینل اسکیم سے وفاقی حکومت پر بھی سبسڈی کا بوجھ کم ہوگا۔ذرائع کے مطابق فزیکل ویری فکیشن کے بعد مارچ کے آخر میں صوبہ بھر میں مفت سولر سسٹم کی انسٹالیشن شروع ہوگی، جولائی کے آخر تک فری سولر پینل اسکیم کا پہلا مرحلہ مکمّل ہو جائے گا۔مریم نواز نے فری سولر پینل اسکیم میں کامیابی حاصل کرنے والے صارفین کو مبارکباد دیتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سولر پینل انسٹالیشن پراسیس جلد از جلد مکمل کیا جائے۔مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ عوام کو مہنگی بجلی سے ریلیف دینا چاہتے ہیں، ہرگز تاخیر نہ کی جائے، فری سولر پینل اسکیم کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔سیکرٹری انرجی نے چیف منسٹر پنجاب کو فری سولر پینل اسکیم کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فری سولر پینل اسکیم کے تحت سال بھر میں 94 ہزار 483 سولر سسٹم لگائے جائیں گے، ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنیوالے صارفین کیلئے سولر سسٹم مفت انسٹال کیا جائے گا، فری سولر پینل اسکیم کیلئے 8 لاکھ 61 ہزار صارفین نے اپلائی کیا۔