ایسی جماعت پیدا ہوچکی ہے جو افواج کے خلاف سوشل میڈیا پر زہریلی مہم چلاتی ہے۔عظمی بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ ملک میں دہشتگردی کی نئی لہر آئی ہوئی ہے، پاک فوج کے جوان اپنے خون سے ملک کو بچا رہے ہیں،سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف زہر اگلنے والے عناصر غیرملکیوں کے آلہ کار ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ جعفر ایکسپریس واقعہ،نوشکی اورپشاور دھماکوں کی مذمت کرنا چاہتی ہوں، تین چار دن سے دہشتگردی کی نئی لہرمیں کئی واقعات دیکھنے کو مل رہے ہیں، افواج پاکستان اور سکیورٹی ادارے کلیئرنس آپریشنز کررہے ہیں، سکیورٹی اداروں نے جعفرایکسپریس واقعہ میں چند گھنٹوں میں کلیئرنس آپریشن کیا۔انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات میں آپ اداروں کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، ایسی جماعت پیدا ہوچکی ہے جو افواج کے خلاف سوشل میڈیا پر زہریلی مہم چلاتی ہے، ہمارے دشمن ایسے زہریلے پراپیگنڈے سے فائدہ اٹھاتے ہیں، بھارتی میڈیا کی شاید پہلے سے تیاری تھی کہ جعفرایکسپریس واقعہ ہونا ہے، انڈین میڈیا اوراس پارٹی کی طرف سے وہی مہم چلائی جارہی تھی، تحریک فساد کی ایسی حب الوطنی پر افسوس ہے۔عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے بھگوڑے باہر بیٹھ کر پاکستان کے خلاف سازشیں کررہے ہیں، شہبازگل آپ کی پارٹی کا رہنما ہے یا نہیں؟ جو پاکستان پر حملے کی خوشیاں منائے ایسی جماعت کو سیاسی پارٹی نہیں مانتی، جعفرایکسپریس واقعہ پرکیا کوئی پاکستانی بھارتی میڈیا کی زبان بول سکتا تھا؟