انسانی حقوق کے فروغ کیلئے یورپی یونین کے ساتھ اشتراک مضبوط بنائیں گے،وزیراعلیٰ مریم نواز
لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے میکانزم کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز سے یورپی یونین کے خصوصی نمائندے برائے انسانی حقوق اولوف سکوگ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں بنیادی انسانی حقوق،جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مریم نواز نے یورپی یونین کی پاکستان سے مسلسل شراکت داری اور انسانی حقوق کے معاملے پر تعمیری روابط کو سراہا جبکہ یورپی یونین وفد نے پنجاب حکومت کی انسانی حقوق کے تحفظ کی کاوشوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں جمہوریت،قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے فروغ کیلئے پرعزم ہیں۔اقلیتوں،خواتین،بچوں،اسپیشل افراد اور دیگر کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان نےاقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق سے متعلق اہم جائزہ اجلاس میں شرکت کی تھی،بنیادی انسانی حقوق کے فروغ کیلئے یورپی یونین سے اشتراک مستقبل میں مضبوط بنائیں گے۔