چینیِ سال نو:صدرِ مملکت اور وزیراعظم کی چینی صدر کو مبارکباد
اسلام آباد : صدرِ پاکستان آصف زرداری نے چین کے صدر شی جن پنگ کو مراسلہ لکھ کر چینی سالِ نو اور موسم بہار کے تہوار پر انہیں مبارکباد دی۔
صدر مملکت نے پاکستان اور چین کی آہنی دوستی مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بیجنگ میں چینی صدر سے تبادلہ خیال کا منتظر ہوں۔
صدر مملکت کی جانب سے مراسلے میں لکھا گیا کہ چین سے دو طرقہ تعاون مضبوط بنانے اور دوستی آگے بڑھانے کے خواہاں ہیں۔
مراسلے میں کہا گیا کہ پاکستان ون چائنہ پالیسی کی حمایت جاری رکھے گا،دونوں ممالک کے درمیان سدا بہار اسٹریٹیجک شراکت داری ہے،دونوں ممالک کی قیادت نے مسلسل کوششوں سے بین الریاستی تعلقات کو پروان چڑھایا۔
صدر مملکت نے سی پیک منصوبوں کو آگے بڑھانے میں چینی صدر کی بصیرت کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین نے 2024 میں مختلف شعبوں میں مثالی ترقی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی چین کے نئے سال کے آغاز پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ چین کی ترقی کا شاندار سفر چینی صدر کی دانشمندی اور دوراندیشی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ہمارے لیے پاکستان میں چین کی کامیابی کی کہانی تحریک اور اعتماد کی روشنی میں کام کرتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کا لازوال رشتہ ہے،ہمارے قریبی تعلقات باہمی اعتماد اور مشترکہ خواہشات سے جڑے ہیں۔