متنازع پیکا ایکٹ ترمیمی بل سینیٹ سے منظور
اسلام آباد : سینیٹ نے متنازع پیکا ایکٹ ترمیمی بل منظور کر لیا،صحافی بطورِ احتجاج سینیٹ گیلری سے واک آوٹ کر گئے۔
پیکا ایکٹ ترمیمی بل پیش کرنے کی تحریک سینیٹ سے منظور کی گئی۔
پی ٹی آئی سینیٹر شبلی فراز نے ایوانِ بالا میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ قانون برائے اصلاح نہیں برائے سزا ہے،جن ممالک میں آزادی اظہارِ رائے ہے وہ ترقی کر گئے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ ہماری سوچ پر قدغن ہے اور ہماری سوچ ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے،اگر سوچ پر پابندی ہو گی تو آئیڈیاز کیسے ملیں گے؟
شبلی فراز نے نشاندہی کی کہ ایسے قوانین ملک کو پیچھے لیکر جائیں گے،بل میں ہائیکورٹ سے اپیل کا حق ہی ختم کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا ٹریبونل بن گئے ہیں؟حکومت کی تیاری نہیں اور پیکا قانون کا نفاذ بھی ہو گیا۔
پی ٹی آئی سینیٹر نے کہا کہ بل پر اسٹیک ہولڈز سے مشاورت ہونی چاہیے،ہم اس بل کی حمایت نہیں کرتے،جو کیسز ہیں اس کیلئے نہ ادارہ بنا،نہ جج اور نہ وکیل ہیں۔