عدالت حقائق پر مبنی 190 ملین پاونڈ کیس کا فیصلہ سنائے گی،خواجہ آصف
وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی دور میں جو کچھ ہوا اس کی ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔
خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی طرف سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ریلیف دینے کی کوئی بات نہیں کی گئی،امریکہ کے ساتھ تعلقات اسی بنیاد پر ہیں جس کی تفصیل 76 سال لمبی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ یہ وہی امریکہ ہے جس کیلئے پی ٹی آئی ایبسولیوٹلی ناٹ کہتی تھی،اب ایبسولیوٹلی ناٹ ایبسولیوٹلی یس ہو گیا ہے،تحریک انصاف اب کانگریس کی میٹنگ کے نام پر پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
وزیرِ دفاع نے تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو کچھ اُس دور میں ہوا اس کی ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی،190 ملین پاونڈ ریاست اور عوام کا پیسہ تھا جو برطانیہ نے حکومت کو بھجوائے تھے،عمران خان نے بند لفافے میں کابینہ سے منظوری لیکر رقم پراپرٹی ٹائیکون کو دے دی تھی۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ایک شخص نے اس کو ریلیف دیا جس پر الزام ثابت ہو چکا تھا،القادر ٹرسٹ یونیورسٹی کے بورڈ میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی شامل ہیں،کل 190 ملین پاونڈ کیس کا فیصلہ آنا ہے،عدالت کیس کے حقائق پر فیصلہ سنائے گی۔