پلاسٹک کے استعمال پر قابو پا کر ماحول کو خوشگوار بنایا جا سکتا ہے،مریم اورنگزیب
لاہور : وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پلاسٹک کی پابندی پر عملدرآمد کیلئے کریک ڈاؤن جاری ہے،محکمہ تحفظ ماحول نے 5 جون 2024 سے 2 جنوری تک 40 ٹن غیرقانونی پلاسٹک ضبط کیا۔
لاہور اور فیصل آباد کے اسکولوں میں اسی ضبط شدہ پلاسٹک سے تیار کی گئی کرسیاں دی گئیں،یہ وہ سکول تھے جہاں کرسیوں کی کمی تھی،لاہور کے ماڈل بازار میں بھی بچوں کیلئے اسی پلاسٹک سے پلے ایریا بنایا گیا،ہسپتالوں میں ضبط شدہ پلاسٹک سے بینچز اور سرکاری دفاتر میں کرسیاں مہیا کی جا رہی ہیں۔
آئندہ دنوں میں پلاسٹک سے گٹروں کے ڈھکن بنائے جاٸیں گے،اس حوالے سے سی اینڈ ڈبلیو اور لوکل گورنمنٹ سے مشاورت جاری ہے،75 مائیکرون سے کم حجم کے پلاسٹک بیگز کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں،مختلف ہول سیلرز اور پروڈیوسرز کی محکمہ تحفظ ماحول کے ساتھ رجسٹریشن مکمل ہو چکا ہے۔
سنیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق انسانی صحت اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے مریم نواز سنجیدہ ہیں،پلاسٹک پر پابندی ماحولیاتی تحفظ کیلئے ناگزیر ہے جس کیلئے سب کو تعاون کرنا ہو گا،صاف اور صحت مند ماحول کیلئے عوامی شعور بیدار کرنا ضروری ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پلاسٹک کے ذرات خوراک اور پانی میں شامل ہو کر بیماریوں کا سبب بنتے ہیں،پولیتھین بیگز کے جلنے سے خطرناک زہریلے کیمیکل پیدا ہوتے ہیں،پلاسٹک کا بے جا استعمال کینسر،دل کی بیماریوں اور مختلف مسائل کا باعث بن رہا ہے۔
سنیئر صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام پلاسٹک کے متبادل بیگز استعمال کرنے کو ترجیح دیں،عوام سے اپیل ہے کہ پلاسٹک بیگز کے استعمال سے گریز کریں اور ماحول دوست مصنوعات اپنائیں،پلاسٹک کے استعمال پر قابو پا کر آئندہ نسلوں کیلئے محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکتا ہے۔