پنجاب حکومت ترکیہ کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی،وزیراعلٰی مریم نواز
لاہور:وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز نے ترکیہ کو پاکستان کا بہترین دوست اور بھائی قرار دے دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز سے ترکیہ کے قونصل جنرل درمش بستاغ نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں تجارت،تعلیم،صحت،زراعت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال بھی ہوا۔
وزیراعلٰی پنجاب نے کہا کہ ترکیہ کے عوام نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا،پنجاب حکومت ترکیہ کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی،ترکیہ کے کاروباری افراد کیلئے ون ونڈو آپریشن کو مزید فعال بنایا جائے گا۔
ترکیہ کے قونصل جنرل نے ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں پر وزیرعلٰی پنجاب کے ویژن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے،پنجاب کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دیں گے۔