عدت نکاح کیس: عمران خان، بشری بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت میں وقفہ
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی عدت نکاح میں کیس میں سزا کے خلاف دائر اپیلوں پر سماعت میں ایک بجے تک وقفہ کردیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاہ رخ ارجمند مقدمے کی سماعت کر رہے ہیں، اس موقع پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجا کے معاون وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔
انہوں نے استدعا کی کہ سینئر وکیل راستے میں ہیں، 10 بجے تک انتظار کر لیں، اس پر شاہ رخ ارجمند نے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کس کی طرف سے ہیں؟
معاون وکیل نے بتایا کہ میں اپیل کنندہ کی طرف سے پیش ہوا ہوں، جج نے دریافت کیا کہ
شکایت کنندہ کی طرف سے کون آیا ہے؟
خاور مانیکا کے وکیل رضوان عباسی کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر جج شاہ رخ ارجمند نے ریمارکس دیے کہ دیکھ لیتے ہیں اگر کوئی پیش نہ ہوا تو آج فیصلہ کروں گا۔
بعد ازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے وکلا کے عدالت پہنچنے تک اپیلوں پر سماعت میں وقفہ کر دیا۔