جھوٹی خبریں قوم کے استحکام اور یکجہتی کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔کورکمانڈرراولپنڈی

پاک فوج کے زیر اہتمام کوٹلی آزاد کشمیر میں سوشل میڈیا ایکٹوسٹ اور میڈیا نمائندگان کیلئے آگاہی پروگرام کا انعقاد کیاگیا جس میں کور کمانڈر راولپنڈی نے م بطور خاص شرکت کی اور شرکاء کو آگاہی لیکچر دیا۔کور کمانڈر راولپنڈی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن عناصر سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوان نسل کے ذہنوں کو منفی پروپیگنڈے سے متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے میں تبدیلی جبری اقدار کے ذریعے نہیں بلکہ لگن اور قومی اتحاد کے ذریعے حاصل کی جاسکتی ہے اور اس تبدیلی کو زیادہ سے زیادہ اتحاد اور خوشحالی کی طرف لے جانا چاہئے۔
ہمیں اپنی تاریخ، بے لوث قربانیوں اور ان واقعات کو نہیں بھولنا چاہیے جہاں ہم ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔ان کاکہناتھا کہ نوجوان سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی خبروں کی مکمل تحقیق کے بغیر ان پر یقین نہ کریں۔ جھوٹی معلومات قوم کے استحکام اور یکجہتی کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ سوشل میڈیا کا مثبت استعمال کرتے ہوئے مظلوم کشمیریوں کی آواز اجاگر کریں۔حقائق کے خلاف مختلف غلط تصورات کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ قوم کی تعمیر میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔شرکاء پروگرام نے کور کمانڈر راولپنڈی کی جانب سے دیے گئے آگاہی لیکچر کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس انہیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔