پاکستان

عوامی سروے:نصف سے زائدشہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی بزدار حکومت سے بہتر قراردے دی

پنجاب سے نصف سے زائد شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کو پی ٹی آئی کی بزدار حکومت سے بہتر قرار دیا ہے ،60فیصدنے وزیراعلیٰ مریم نواز کی کارکردگی کو دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سے بہتر کہا ۔ اس بات کا پتہ انسٹیٹیوٹ فار پبلک اوپینین ریسرچ کے سروے سے چلا جس میں پنجاب کے36اضلاع کے 6ہزار سے زائد شہریوں نے حصہ لیا، یہ سروے 3 سے 18فروری 2025 ء کے درمیان کیا گیا۔ اس سوال پر کہ کیا پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت کے مقابلے میں پنجاب میں حکومتی خدمات اور عوامی سہولیات میں بہتری آئی ہے؟ جواب میں پنجاب سے سروے میں شامل 53فیصد شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کو بزدار حکومت سے بہترقرار دیا،35فیصد نے دونوں میں کوئی فرق نہ ہونے کا بتایا جبکہ 5فیصد نے بزدار حکومت سے بھی خراب کہا،7فیصد نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔ جن 53فیصد شہریوں نے عوامی سہولتوں میں بہتری کا کہا، ان سے سوال کیا گیا کہ کس شعبےمیں بہتری آئی ہے ؟ جواب میں 22 فیصد نے ستھرا پنجاب منصوبے کا بتایا، 14فیصد نے سڑکوں میں بہتری ،12فیصد نے تعلیمی نظام ،11فیصد نے گورننس ، 6فیصد نے انسداد تجاوزات مہم ، 6فیصد نے صحت کے شعبے، 5فیصدنےمہنگائی پر قابو پانا، 4فیصد نے بلاسود قرضوں کی فراہمی ،جبکہ 3فیصد نے صوبے کے انفرااسٹرکچر میں بہتری کی نشاندہی کی ،17فیصد نے دیگر جوابات دیئے۔ جس کے بعد آئی پور نےسروے میں 5فیصد غیر مطمئن شہریوں سے خرابی کی نشاندہی کا سوال کیا،جواب میں 28فیصد نےمہنگائی ، 23فیصد نے خراب طرز حکمرانی ، 14فیصد نے بےروزگاری ، 10فیصد نے بڑھتی غربت ،5فیصد نے تعلیمی نظام اور 4 فیصد نے بجلی کے بڑھتے بلوں کو صوبے میں خرابی کا جواز بنایا۔

متعلقہ خبریں۔

Back to top button