
پاکستان اس وقت چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کر رہا ہے جو تقریباً تین عشروں میں جنوبی ایشیائی ملک میں منعقد ہونے والا آئی سی سی کا ایک بڑا مقابلہ ہے۔ 18 فروری سے نو مارچ تک منعقدہ اس ٹورنامنٹ میں بھارت کے میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کھیلے جائیں گے۔اس حوالے سے پاکستان کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے موجودہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ 2025 کے سلسلے میں آئی سی سی کے لیے ٹیکس میں رعایت کی منظوری دے دی ہے۔ وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے ای سی سی کے اجلاس کی صدارت کی جس میں بہترین بین الاقوامی طریقوں کے مطابق آئی سی سی کے لیے ٹیکس استثنیٰ سمیت اہم اقتصادی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔پاکستان کی وزارتِ اطلاعات کے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نے کہاکہ آئی سی سی اور پاکستان کے درمیان میزبانی کے حقوق کے معیاری معاہدے کے تحت آئی سی سی کی آمدنی، اس کے ذیلی اداروں، ایسوسی ایٹس، حکام اور غیر رہائشی مندوبین پر کوئی ٹیکس یا کٹوتیاں عائد نہیں ہوں گی۔