ملتان:گیس سے بھرا باوزر پھٹنے سے 5 افراد جاں بحق،صدر اور وزیراعظم کا اظہارِ افسوس

ملتان : انڈسٹریل اسٹیٹ میں گیس سے بھرا باوزر پھٹ گیا،آتشزدگی میں جھلس کر 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکے سے 25 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے کچھ لوگوں کی حالت تشویشناک ہے،ایل پی جی باوزر کے ٹکڑے قریبی آبادی پر گرے۔
پاوزر پھٹنے سے لگنے والی آگ نے کئی گوداموں کو لپیٹ میں لے لیا،دھماکے سے قریبی آبادیوں کے 20 گھر ملبے کا ڈھیر بن گئے،پولیس کے مطابق 70 مکانات جزوی طور پر متاثر اور کئی جانور بھی ہلاک ہوئے۔
دھماکہ غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ کے گودام پر ہوا جہاں چھوٹے باوزر اور کمرشل سلنڈر میں ری فل کی جا رہی تھی،گودام میں 5 چھوٹے بڑے گیس باوزر موجود تھے،امدادی ٹیموں نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔
صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے حادثے میں جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا،آصف زرداری نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی جبکہ وزیراعظم نے حادثے کی وجوہات تلاش کرنے کی ہدایت کر دی۔