پاکستان
جاپانی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں تحفظ فراہم کریں گے،وزیراعلٰی مریم نواز
لاہور : وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے جاپانی سفیر اکاماتسو شوئیچی نے ملاقات کی،دونوں رہنماوں نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے کیلئے نئی راہیں تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔
جاپانی سفیر نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو دورہ جاپان کی دعوت دی،مریم نواز نے دورہ جاپان کی دعوت قبول کرتے ہوئے 2022 کے سیلاب میں جاپان کی معاونت پر شکریہ ادا کیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے،دونوں ممالک کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات ہیں،جاپان نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔
وزیراعلٰی پنجاب نے کہا کہ زراعت،معدنیات،آئی ٹی،اے آئی،روبوٹکس اور توانائی کے شعبوں میں جاپان کے ساتھ تعاون چاہتے ہیں جبکہ جاپانی سفیر نے پنجاب حکومت کے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کے اقدامات کو سراہا۔