عوام اور فوج کے رشتے میں خلیج کا جھوٹا بیانیہ مخصوص ایجنڈے پر چلایا جاتا ہے،آرمی چیف
پشاور : آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ ہماری پالیسی صرف اور صرف پاکستان ہے۔
آرمی چیف نے خیبر پختو نخوا کے سیاسی قائدین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان ہمارا دوست پڑوسی ملک ہے،پاکستان افغانستان سے ہمیشہ بہتر تعلقات کا خواہاں رہا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ افغانستان سے صرف فتنہ الخوارج کی موجودگی اور سرحد پار سے دہشت گردی پھیلانے پر اختلاف ہے،یہ اختلاف اس وقت تک رہے گا جب تک افغانستان اس مسئلے کو حل نہیں کرتا۔
آرمی چیف نے کہا کہ خیبر پختو نخوا میں بڑے پیمانے پر آپریشن نہیں کیا جا رہا،فتنہ الخوارج کی پاکستان کے کسی علاقے میں بھی عملداری نہیں،صرف انٹیلی جنس کی بنیاد پر ٹارگٹڈ کارروائی کی جاتی ہے۔
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ریاست ہے تو سیاست ہے،خدانخواستہ ریاست نہیں تو کچھ بھی نہیں،ہمیں بلا تفریق دہشت کیخلاف دہشت گردی کیخلاف یکجا کھڑا ہونا ہو گا،جب ہم متحد ہو کر چلیں گے تو صورتحال جلد بہتر ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ انسان غلطیوں کا پتلا ہے ہم سب خطائیں کرتے ہیں،ان غلطیوں کو نہ ماننا اور سبق نہ سیکھنا اس سے بھی بڑی غلطی ہے۔
آرمی چیف نے واضح کیا کہ عوام اور فوج کے درمیان خاص رشتہ ہے،عوام اور فوج کے رشتے میں کسی خلیج کا جھوٹا بیانیہ مخصوص ایجنڈے پر چلایا جاتا ہے۔