توانائی کے شعبے میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں،وزیراعظم شہباز شریف
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ امید ہے قومی ائیر لائن کی لندن کیلئے پروازیں جلد بحال ہو جائیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں خواتین کی تعلیم سے متعلق بڑے چیلنجز ہیں،تعلیم کا شعبہ معاشرے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے،صوبوں کو وفاق کے ساتھ مل کر تعلیم کے میدان میں درپیش چیلنجز کو حل کرنا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ قومی ائیر لائن کو گزشتہ دور حکومت میں تباہی کے دہانے پر پہنچایا گیا لیکن قومی ائیر لائن کی بحالی کیلئے ہماری حکومت کی کوششیں رنگ لائی ہیں،قومی ائیر لائن کی پروازوں کے نیٹ ورک کو وسعت دی جا رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کُرم میں حالات معمول پر آ رہے ہیں،امن معاہدے کے بعد بھی مورچے قائم کیے گئے جنہیں گرا دیا گیا،امید ہے تمام اسٹیک ہولڈز مل کر قیام امن یقینی بنائیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ افواج پاکستان فتنہ الخوارج کیخلاف نبرد آزما ہیں،مختلف کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا،پاک فوج کی قربانیوں کی پوری قوم معترف ہے۔
انکا کہنا تھا کہ پنجگور میں پاک ایران سرحد پر نئی کراسنگ کا آغاز ہو گیا ہے،نئی کراسنگ سے اسمگلنگ میں کمی اور قانونی تجارت کو فروغ ملے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں،توانائی کے شعبے میں اصلاحات لانے کیلئے مربوط لائحہ عمل وضع کر رہے ہیں،پی ٹی آئی نے اپنے دورِ حکومت میں توانائی کے شعبے میں بہتری کیلئے عملی اقدامات نہیں اٹھائے تھے۔