این او سی کے بغیر مائننگ سرگرمیاں غیر قانونی ہیں،مریم اورنگزیب
لاہور : سنیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت جنگلات کی بحالی کیلئے کوشاں ہے۔
وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ریت مافیا کیخلاف محکمہ جنگلات نے گرینڈ آپریشن کیا،چوہنگ موہلنوال جنگل کے کمپارٹمنٹس سے ریت چوری کا انکشاف ہونے پر شیخوپورہ اور ننکانہ فارسٹ ڈویژن کے فیلڈ اسٹاف نے کارروائی کی۔
ریت مافیا کی غیر قانونی سرگرمیوں سے 2 کروڑ روپے سے زائد نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے،ریت مافیا کے خلاف تھانہ شرقپور میں ایف آئی آر درج کی گئی،رکھ جھوک جنگل میں فارسٹ ایکٹ 1927 کے تحت مائننگ ممنوع ہے،جنگل کے 9 داخلی راستے خندق کھود کر بند کر دئیے گئے
پنجاب حکومت کی سنیئر وزیر مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ ریت مافیا کیخلاف کارروائی کسی بھی صورت معطل نہیں ہو گی،جنگلات کا تحفظ اولین ترجیح ہے،ریت مافیا کی غیر قانونی سرگرمیاں جنگلات کے وسائل کو تباہ کر رہی تھیں جس کی وجہ سے گرینڈ آپریشن کیا گیا۔
مریم اورنگزیب نے محکمہ جنگلات کے عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا،اگر کوئی ریت نکالنے کی قانونی اجازت چاہتا ہے تو فارسٹ ایکٹ کے تحت این او سی حاصل کرے۔