لاہور : وزیراعلٰی پنجاب نے کہا ہے کہ زرعی ٹیوب ویل کی سولرائزیشن سے بجلی کے بھاری بلوں سے نجات ملے گی۔
وزیراعلٰی مریم نواز کی ہدایت پر زرعی ٹیوب ویل کی سولرائزیشن کیلئے درخواست جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع کر دی گئی،پنجاب میں 8 ہزار زرعی ٹیوب ویل شمسی توانائی پر منتقل کئے جائیں گے،پنجاب حکومت زرعی ٹیوب ویل کی سولرائزیشن کیلئے 9 ارب روپے کی سبسڈی دے گی۔
10 کلو واٹ تک 5 لاکھ، 15کلو واٹ تک ساڑھے 7 لاکھ اور 20 کلو واٹ تک زرعی ٹیوب ویل کی سولرائزیشن کیلئے 10 لاکھ روپے سبسڈی دی جائے گی،کم ازکم ایک ایکڑ زرعی اراضی کے مالکان ٹیوب ویل سولرائزشن کیلئے اپلائی کر سکتے ہیں۔
کاشتکار گھر بیٹھے cmstp.punjab.gov.pk پر آن لائن ٹیوب ویل سولرائزیشن کیلئے اپلائی کریں،سولرائزیشن کے فارم www.agripunjab.gov.pk سے ڈاؤن لوڈ کئے جاسکتے ہیں۔
وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز نے کہا کہ کسان سے کیا ہر وعدہ پورا کریں گے،ترقی کے سفر میں پنجاب کے کاشتکار پوری طرح شریک ہوں گے،مسلم لیگ (ن) کی حکومت جب بھی آتی ہے کاشتکار خوشحال ہوتا ہے۔