پاکستان
Trending

حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل، تحریک انصاف کی قیادت کا ردعمل آ گیا

اسلام آباد : چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے حکومتی اتحاد پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کا خیر مقدم کیا ہے.

بیرسٹر گوہر علی خان نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت کی جانب سے کمیٹی کا اعلان خوش آئند ہے، حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات جامع اور نتیجہ خیز ہونے چاہئیں، ہم پُر امید ہیں کہ اب مذاکراتی عمل شروع ہونے جا رہا ہے۔

بیرسٹر گوہر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں کمیٹیوں میں سنجیدہ لوگ شامل ہیں،مذاکرات آگے ضرور بڑھیں گے، امید ہے کم سے کم وقت میں تمام مسائل کا نتیجہ خیز حل نکل آئے گا۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کیلئے حکومتی اتحاد کے ارکان پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

مذاکراتی کمیٹی میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار،رانا ثناء اللہ اور سینیٹر عرفان صدیقی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پیپلز پارٹی کی طرف سے راجہ پرویز اشرف،نوید قمر،ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما خالد مقبول صدیقی،رہنما مسلم لیگ ق چوہدری سالک حسین اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے مذاکرات کیلئے کردار ادا کرنے کی درخواست کی تھی،وزیراعظم نے اسپیکر قومی اسمبلی کی تجویز مانتے ہوئے حکومتی اتحاد کی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سلامتی اور قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے گا،پاکستان ہے تو ہم سب ہیں،اسپیکر قومی اسمبلی کی کاوش کو سراہتا ہوں۔

متعلقہ خبریں۔

Back to top button