پاکستان
مولانا فضل الرحمان کہیں نہیں جائیں گے۔وہ ہمارے پرانے دوست ہیں۔احسن اقبال

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہاہے کہ مولانا فضل الرحمان ہمارے پرانے دوست ہیں، انہیں کہیں نہیں جانے دینگے ، جعفر ایکسپریس واقعہ بدترین ،سفاکانہ دہشت گردی کا واقعہ ہے ،ہم 2013 میں اس سے بدترین دہشت گردی کو شکست دے چکے ہیں ،پی ٹی آئی حکومت کی نرمی نے دہشتگردی کو دوبارہ پنپنے کا موقع دیا۔وہ موضع پھلواڑی میں جعفر ایکسپریس آپریشن میں شہید اکمل کے گھر پرمیڈیا سے بات کررہے تھے۔احسن اقبال نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت سیاست نے ملکی مفادات سے اوپر رکھا ہوا ہے، جہاں ملکی مفادات کا سوال ہے اس کے سامنے کسی قسم کی کوئی سیاست نہیں ہوتی، ہمیں اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے ایک دوسرے کی طاقت بننا چاہیے، بزدلانہ دہشت گردی کے واقعہ کی دوست ممالک نے شدید مذمت کی، سیکیورٹی کونسل نے پرزور قرارداد کے ذریعے سانحہ کی مذمت کی ہے۔