راولپنڈی : 9 مئی کے 19 مجرموں کی سزاؤں میں معافی کا اعلان کر دیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق 9 مئی کی سزاؤں پر عمل درآمد کے دوران مجرموں نے قانونی حق استعمال کرتے ہوئے رحم اور معافی کی پٹیشنز دائر کیں،مجموعی طور پر67 مجرموں نے رحم کی پٹیشنز دائر کی تھیں،48 پٹیشنز کو قانونی کارروائی کیلئے کورٹس آف اپیل میں نظرثانی کیلئے ارسال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق 19مجرموں کی پٹیشنز کو انسانی بنیادوں پر قانون کے مطابق منظور کیا گیا،دیگر رحم کی پٹیشنز پر عملدرآمد مقررہ مدت میں قانون کے مطابق کیا جائے گا۔
جن 19 مجرموں کی سزائیں معاف کی گئی ہیں ان میں محمد ایاز،سمیع اللہ،لئیق احمد،امجد علی،یاسر نواز،سعید عالم اور زاہد خان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ محمد سلیمان،حمزہ شریف،محمد سلمان،اشعر بٹ اور محمد وقاص کی سزا معاف کر دی گئی ہے۔
سفیان ادریس،منیب احمد،محمد احمد،محمد نواز،محمد علی،محمد بلاول اور محمد الیاس کی سزا بھی معاف کر دی گئی۔19 مجرموں کوضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد رہا کیا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ دیگر تمام مجرموں کے پاس بھی اپیل سمیت دیگر قانونی حقوق برقرار ہیں،سزاؤں کی معافی ہمارے منصفافہ قانونی عمل اور انصاف کی مضبوطی کا ثبوت ہے جو نظام ہمدردی اور رحم کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انصاف کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے۔
اس سے پہلے اپریل 2024 میں بھی قانون کے مطابق انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 20 مجرمان کی رہائی کا حکم دیا گیا تھا۔