پاکستان

بھارتی آرمی چیف کی ہرزہ سرائی،ترجمان افواجِ پاکستان کا منہ توڑ جواب

راولپنڈی : ترجمان افواج پاکستان نے بھارتی آرمی چیف کے من گھڑت بیان پر سخت ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی آرمی چیف کا پاکستان کو دہشت گردی کا مرکز قرار دینا حقائق کے منافی اور بے بنیاد ہے،بھارتی آرمی چیف کا بیان مردہ گھوڑے میں جان ڈالنے کی ناکام کوشش ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان بھارت کے بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کرتا ہے،پاکستان پر دہشت گردی کی سرپرستی کا الزام دوغلی پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی آرمی چیف نے بیانات سیاسی مقاصد کیلئے دیے،ایسے بیانات سے بھارتی فوج کی سیاسی معاملات میں گہری مداخلت واضح ہوتی ہے،بھارت دہشت گردی کے الزامات لگانے کے بجائے زمینی حقائق کو تسلیم کرے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے بیان میں بتایا گیا تلخ حقیقت ہے کہ ایک بھارتی حاضر سروس فوجی افسر پاکستان کی حراست میں ہے،بھارتی آرمی چیف اس اہم پہلو کو نظر انداز کر رہا ہے،بھارتی آرمی چیف بھول گئے ہیں کہ ان کا فوجی افسر پاکستان میں دہشت گردی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دنیا بھارتی قیادت کے مسلم کش ہندوتوا نظریات کو اچھی طرح جانتی ہے،بھارت میں اقلتیوں پر ظلم اور نفرت انگیز بیانیے سے بھی عالمی برداری بخوبی واقف ہے،بھارت کے الزامات مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔

ترجمان افواج پاکستان نے بھارتی فوج کے ظلم کا شکار افراد سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو دبانے کی کوششیں ناکام ہو گئی ہیں،کشمریوں کی حق خود ارادیت کے حصول کی کوششیں تقویت پکڑ رہی ہیں،امید ہے کہ بھارتی فوجی قیادت کا رویہ سیاسی ضرورتوں کے بجائے پیشہ ورانہ ہو گا۔

متعلقہ خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button